ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بی جے پی رکن اسمبلی سریندر سنگھ کا عجیب و غریب بیان ’لڑکیوں کو تہذیب سکھائیں، عصمت دری بند ہو جائے گی!‘

بی جے پی رکن اسمبلی سریندر سنگھ کا عجیب و غریب بیان ’لڑکیوں کو تہذیب سکھائیں، عصمت دری بند ہو جائے گی!‘

Sun, 04 Oct 2020 21:38:47    S.O. News Service

لکھنؤ،4؍اکتوبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) اترپردیش کے بلیا اسمبلی حلقہ کے ایم ایل اے سریندر سنگھ نے صوبہ میں بڑھتے ہوئے عصمت دری کے واقعات کا سبب لڑکیوں کا مہذب نہ ہونا قرار دیا ہے! ان کا کہنا ہے کہ یہ تمام والدین کا فرض ہے کہ وہ اپنی جوان بیٹی کو سکھائیں کہ تہذیب کے ماحول میں کس طرح رہنا، چلنا اور شائستگی سے پیش آنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان واقعات کو صرف اخلاقات کے ذریعہ ہی روکا جاسکتا ہے، یہ حکومت اور تلوار سے رکنے والے نہیں ہیں۔ بی جے پی کے رکن اسمبلی نے ایک ٹی وی چینل پر بولتے ہوئے یہ باتیں کہیں۔

بلیا کے ایم ایل اے سریندر سنگھ سے سوال کیا گیا تھا، کہا جاتا ہے کہ رام راجیہ چل رہا ہے لیکن اس رام راجیہ میں عصمت دری کے واقعات بھی پیش آتے ہیں، اس کی کیا وجہ ہے؟ اس پر سریندر سنگھ نے کہا، "میں ایم ایل اے کے ساتھ ایک استاد بھی ہوں۔ ان واقعات کو صرف تہذیب و اختلاقیات کے ذریعہ ہی روکا جاسکتا ہے۔ یہ حکومت اور تلوار سے رکنے والے نہیں ہیں۔‘‘

ایم ایل اے نے کہا کہ ’’تمام والدین کا فرض ہے کہ وہ اپنی جوان بیٹی کو مہذب ماحول میں کیسے رہنا، چلنا اور شائستگی سے پیش آنا ہے، یہ سکھائیں۔‘‘ یہ سب کا فرض ہے، میرا بھی فرض ہے، حکومت کا بھی فرض ہے لیکن کنبہ کا بھی فرض ہے۔ جہاں حکومت کا فرض ہے حفاظت کرنے کا، وہیں خاندان کا یہ فرض یہ کہ بچوں میں اخلاقات پیدا کی جائے۔ حکومت اور ثقافت مل کر ملک کو ایک خوبصورت شکل دے سکتے ہیں۔ کوئی دوسرا آگے نہیں آنے والا ہے۔‘‘

سریندر سنگھ کے بیان پر اتر پردیش کانگریس کی طرف سے دیر رات ٹوئٹ میں کہا گیا، ’’بی جے پی اور آر ایس ایس کی ایسی گھٹیا سوچ کی وجہ سے ہی اتر پردشی بیٹیوں کے لئے سب سے غیر محفوظ مقام بن چکا ہے۔ ریپ کی اس ذہنیت والے لیڈران کا سماجی بائیکاٹ ہونا چاہئے۔

سریندر سنگھ اس سے قبل بھی اپنے متنازع بیانات کے لئے مشہور ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا تھا کہ مسلمان کئی بیویاں رکھتے ہیں اور ان کے بچے جانور کی فطرت والے ہوتے ہیں۔ یہ ڈاکٹروں کو راکشس اور صحافیوں کو دلال بھی بول سکتے ہیں۔ موصوف ہندو مذہب کی حفاظت کے لئے زیادہ بچوں کو پیدا کرنے کی اپیل بھی کر چکے ہیں۔ تاہم بی جے پی اعلیٰ کمان کی طرف سے سریندر سنگھ کے متنازع بیانا پر کوئی نوٹس نہیں لیا جاتا۔


Share: